پنجاب نے چین سے خام لوہے کی دریافت کا معاہدہ کر لیا سعودی عرب نے بغیر شرط ڈیڑھ ارب ڈالر کا تحفہ دیا شہباز

جو افسر عوام کی خدمت نہیں کرتے ان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا،وہ میرے دشمن ہیں،چینی کمپنی10ماہ میں لوہےکاپتہ لگائےگی


Numaindgan Express April 03, 2014
پیروں فقیروں کی دھرتی چنیوٹ سے اعلیٰ معیارکا خزانہ ملا تودنیا کی سب سے بڑی اسٹیل مل لگائینگے،خطاب،طالبعلم امیرحمزہ سے ملاقات فوٹو: فائل

پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن کے مابین چنیوٹ کے علاقے رجوعہ میں خام لوہے کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

جس کی روسے چین کی کمپنی 10ماہ میں زیر زمین لوہے کے معیار اور مقدارکا حتمی تعین کرے گی۔ چنیوٹ میں ہونیوالی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر معدنیات چوہدری شیر علی، پنجاب منرل کارپویشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند، سیکریٹری منرل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود اور چینی کمپنی کے حکام موجود تھے۔ بعدازاں شہباز شریف نے میونسپل ہاکی اسٹیڈیم چنیوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ایک طرف ہمارا ملک زیرزمین لاکھوں ٹن قیمتی معدنی وسائل سے مالامال ہو اور دوسری طرف بدقسمتی سے ہم کشکول اٹھائے مارے مارے پھرتے رہیں لیکن اب ہم نے اس روش کو ترک کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے، جو افسر عوام کی خدمت سے پہلوتہی کرتے ہیں میں ان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا کیونکہ جو عوام کی خدمت نہیں کرسکتے وہ میرے دشمن ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چینی کمپنی کو 18ماہ کی بجائے 10ماہ کا ٹارگٹ دیا ہے۔

پیروں فقیروں کی اس دھرتی سے اگر لوہے کی ہائی کوالٹی کا خزانہ مل گیا تو علاقے میں دنیا کی سب سے بڑی اسٹیل مل لگے گی اورمقامی نوجوان انجنیئرزکو نوکریاں ملیں گی۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بغیر کسی شرط کے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا تحفہ دیا ہے جو وزیراعظم نواز شریف کی ذات پر سعودی عرب اور شاہ عبداﷲ کا بھرپوراعتماد کا اظہار ہے۔ چینی کمپنی کے نمائندے یوجانگ جی نے کہا کہ اہل چین کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں، چین کی یہ کمپنی اجنبی نہیں بلکہ 1980سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں شریک ہے۔ ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ قوی امید ہے اس جگہ تانبے کے ذخائر بھی نکلیں گے اور جہاں تانبا ہو وہاں سونے اور چاندی کے اثرات بھی ہوتے ہیں۔ دریں اثنا شہباز شریف سے اے لیول پارٹ ون کے امتحانات میں آؤٹ اسٹینڈنگ کیمبرج لرنرز ایوارڈ حاصل کرنیوالے ہونہار طالب علم سردار امیر حمزہ ڈوگر نے ملاقات کی۔

مقبول خبریں