تین اہم ترین ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلیے حکمت عملی تیار

وقاص احمد  بدھ 4 جنوری 2023
آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ ملک میں ڈالرز کی دستیابی میں کمی کے باعث کیا گیا ۔ فوٹو : فائل

آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ ملک میں ڈالرز کی دستیابی میں کمی کے باعث کیا گیا ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کی حکمت عملی تیار ہوگئی جب کہ فریم ورک پلان کو حتمی شکل بھی دیدی گئی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد،کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا عمل تیز کرتے ہو ئے سول ایوی ایشن نے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاننگ ڈویژن کی جانب سے ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ سے متعلق ہدایت سول ایوی ایشن اتھارٹی کو موصول ہوگئی، ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الااقوامی جریدوں میں رواں ماہ ٹینڈر کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ میں دوست ممالک کو ترجیح دینے کا پلان بنایا ہے، جس کے لیے سعودی عرب، یو اے ای، قطر، چین اور ترکیہ کی کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر مدعو کیا جائے گا۔

ایئر پورٹ ٹرمینل سروسز، پارکنگ، اسٹوریج، کارگو ہینڈلنگ اور صفائی کے شعبے بھی آؤٹ سورس کیے جائیں گے جبکہ ایئرپورٹ سیکورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق تینوں بڑے ہوائی اڈوں کی  آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ ملک میں ڈالرز کی دستیابی میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔