پنجاب حکومت نے بسنت منانے کی اجازت دے دی، بسنت فروری کی 6، 7 اور 8 تاریخ کو منائی جائے گی۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 25 سال بعد 6 فروری 7 اور 8 فروری کو لاہور بھر میں منائے جانے والے ہمارے پیارے ہیریٹیج بسنت فیسٹیول کی بحالی کی منظوری دے دی ہے، یہ فیسٹیول تاریخ جڑی روایت ہے اور دنیا بھر میں اس کو پسند کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’بسنت آرڈیننس 2025 کو مکمل طور پر نافذ اور نافذ کیا جائے گا، ہر پتنگ کی تار اور فروخت کنندہ رجسٹرڈ، QR کوڈڈ اور مانیٹر کیا جائے گا، بسنت عوام کا فیسٹیول ہے، اس کی کامیابی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام موٹر سائیکلوں پر حفاظتی اینٹینا لگانے کی شہر بھر میں مہم کل سے شروع ہو رہی ہے، بسنت سے پہلے اور اس کے دوران لاہور میں ہر موٹر سائیکل پر انٹینا لگے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’حفاظت وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ہر پتنگ اور ہر سواری کو محفوظ رہنے دو مل کر ہم لاہور کو تاریخی اور محفوظ بنائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ’ورثے اور تہواروں کے شہر میں بہار لوٹ آئی۔ لاہور کا آسمان پھر سے دنیا کے لیے اپنی شان بیان کرے گا‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے 25 برس بعد پتنگ بازی کی اجازت دی تھی اور بسنت منانے کی مشروط اجازت کا آرڈیننس جاری کیا تھا۔
آرڈیننس کے مطابق خلاف ورزی پر قید اور جرمانے کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں، 18 سال سے کم عمر بچے پتنگ بازی نہیں کرسکیں گے، خلاف ورزی پر والد یا سرپرست ذمہ دار ہوگا۔