کراچی میں ڈکیتوں نے کالج میں داخل ہوکر پروفیسر کو لوٹ لیا

منور خان  بدھ 11 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے لوٹ مار کی وارداتوں پر نوٹس لینے کے باوجود شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ، سعود آباد صابر کالونی میں قائم گورنمنٹ ڈگری کالج میں گھس کر موٹر سائیکل سوار ڈاکو پروفیسر کو اسلحے کے زور پر لوٹ کر فرار ہوگئے۔

اس حوالے سے کالج کے پرنسپل پروفیسر عرفان نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر پونے تین بجے کے قریب کالج میں ایوننگ کلاسز کے لیے پروفیسر شیخ طارق جمیل نے اپنی موٹر سائیکل پر کالج کے مین گیٹ سے اندر داخل ہو کر کچھ ہی فاصلہ طے کیا تھا کہ ان کے تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل پر 2 اسٹریٹ کرمنلز نے انھیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر موبائل فون اور پرس چھین لیا جس میں کچھ نقدی ، شناختی کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس اور کریڈ کارڈز تھے لیکر فرار ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی دیدا دلیری سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انھیں پولیس کا کوئی ڈر و خوف نہیں تھا جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا ڈاکو ہلمٹ پہنا ہوا تھا۔

کالج کے پرنسپل نے آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ کالج سمیت علاقے میں پولیس کے مؤثر گشت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ واقعہ کی رپورٹ کھوکھرا پار تھانے میں درج کرا دی گئی ہے۔

دوسری جانب  شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران مزید 3 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے زخمی ہوگئے ۔ سپر ہائی وے جمالی پل پر قائم سندھ سیکریٹریٹ سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ جاوید زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔

قائد آباد کے علاقے لانڈھی لالہ آباد اسٹار گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 30 سالہ سلیم شدید زخمی ہوگیا جسے کمر پر گولی لگی تھی ، مضروب کو چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچایا ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔

دریں اثنا شاہ فیصل کالونی نمبر 2 قائد پارک کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے  37 سالہ جمیل نامی شخص زخم ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔