ملک میں کل سے مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: ملک میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی جبکہ کراچی میں آج بھی بلوچستان کی معمول سے تیز یخ بستہ ہوائیں برقرار رہ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں کل سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جوکہ 28 سے 30 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں رہیں گی۔

اس دوران مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان، کوہستان اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ 29 اور 30 جنوری کو اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، گجرات، گوجرانولہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، پشاور، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

شدید برفباری سے سڑکیں بند اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

دوسری جاب، کراچی میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد رہا۔ شہر میں آج بھی بلوچستان کی معمول سے تیز یخ بستہ ہوائیں برقرار رہ سکتی ہیں۔

اس وقت ہواؤں کی رفتار 22 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ رات میں ہواؤں کی رفتار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اگلے چند روز تک سمندری ہوائیں مکمل طور پر غیر فعال رہ سکتی ہیں۔

مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے سبب سندھ کے مختلف اضلاع سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، دیہی سندھ کے اضلاع میں ہلکی بارش اور بونداباندی متوقع ہے البتہ کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے سسٹم کے زیر اثر کراچی میں موسم جزوی اور مکمل ابر آلود ہوسکتا ہے، شہر کے مضافات سمیت کچھ علاقوں میں بوندباندی ہوسکتی ہے۔

دیہی سندھ کے شہر موہنجودڑو میں آج کم سے کم پارہ 2 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔