چوتھی کمشنر کراچی میراتھن میں جاپانی ایتھلیٹ فاتح قرار

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 29 جنوری 2023

  کراچی: شہرقائد میں چوتھی کمشنر کراچی سٹی میراتھن کا انعقام ہوا جس میں جاپانی ایتھلیٹ نے اوور 50 ایونٹ جیت لیا جب کہ میراتھن پاکستان واپڈا کے محمد اختر نے اپنے نام کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان واپڈا کے محمد اختر نے چوتھی کمشنر کراچی سٹی میراتھن اپنے نام کرلی، اتوار کی صبح نشان پاکستان،  سی ویو کلفٹن سے شروع ہونے والی  میراتھن نے انٹرنیشنل حیثیت اختیار کرلی، جاپانی ایتھیٹ نے اوور 50 ایونٹ جیت لیا جب کہ نمرہ اقبال ویمن چیمپئین بننے کے ساتھ  بیسٹ ایتھلیٹ کا ایوارڈ بھی لےاڑیں۔

مختلف درجات میں مختلف فاصلے کے مقابلوں میں شرکا کی تعداد ہزاروں میں رہی، میراتھن میں شہریوں کے ساتھ غیر ملکی سفارتکار اور معززین شہر کے ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی حصہ لیا، اسی طرح خصوصی افراد کے لیے خصوصی ریس اور فیملی فن ریس بھی منعقد ہوئی۔

اس موقع پر سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے، مردوں کی 12 کلومیٹر کی دوڑ میں واپڈا کے محمد اختر نے پہلی پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر 50 ہزار روپے کا انعام بھی حاصل کیا جب کہ پاکستان نیوی کے علی حسن دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور سلور میڈل کے ساتھ 30 ہزار روپے کا انعام پایا، اسی طرح  تیسرے نمبر پر آنے والے محمد سجاد نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا اور 20 ہزار روپے کا نقد انعام جیتا۔

کراچی شہر کی راویت بن جانے والی کمشنر کراچی سٹی میراتھن میں شرکت کے لیے علی الصبح سیکٹروں شہری ساحل سمندر پہنچ گئے تھے، صبح 7 بجے سے 9 بجکر 45 منٹ تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہا جب کہ میراتھن کا آغاز صبح 10 بجے ہوا، ٹھنڈ کے باجود شرکا نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق اوور30 ایونٹ میں محمد یاسر گل اول، علی حسن دوئم اور محمد سجاد سوئم رہے جب کہ اوور 50 ٹائیٹل جاپان کے کایو یمانے چر نے جیت لیا۔

جاپان ہی کے یامامو نے دوسری اور حکاری نے تیسری پوزیشن پائی جب کہ 7.5 کلومیٹر کا ایونٹ وقاص علی نے جیتا، شاکر عثمان اور یونس خان بالترتیب دوئم اور سوئم رہے۔

رپورٹ کے مطابق 30 برس سے کم عمر خواتین کی 12 کلومیٹر کی دوڑ میں نمرہ اقبال نے گولڈ، سحرش خان نے سلور اور ماہ نور فاطمہ نے برابز میڈل جیتا جب کہ 50 سال سے زائد عمر کی خواتین کی دوڑ بلوچستان کی ناہید خان نے اپنے نام کی، جنوبی افریقہ کی روشیل دوسرے اور بلوچستان کی  سائرہ خان تیسرے نمبر پر رہیں۔

ترجمان سندھ حکومت  وصوبائی وزیر مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکریٹری داکٹر سہیل راجپوت اور کمشنر کراچی اقبال میمن نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر جاپان سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرل اور سفارتکار، کراچی پولیس کے  چیف  جاوید عالم اوڈھو، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، سرکاری حکام  اور عمائدین شہر بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔