الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج؛عمران خان کی حاضری استثنا کی درخواست منظور

ویب ڈیسک  منگل 31 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔

توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی، جس میں وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے اور بابر اعوان کی مصروفیت سے آگاہ کرتے ہوئے سماعت میں وقفے کی استدعا کی۔

وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا، جس میں عمران خان کی جانب سے سکیورٹی خدشات اور میڈیکل کی بنیاد پر آج حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیر داخلہ نے کہا ہے عمران خان کو سکیورٹی خدشات ہیں۔ کہا گیا ہے کہ عمران خان پر دوبارہ قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔ عدالت سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر ، آئی جی کو ہدایت کرے کہ پیشی پر سکیورٹی فراہم کی جائے۔

بابر اعوان نے عدالت میں کہا کہ 10 فروری کی تاریخ دے دیں، عمران خان پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر 10 فروری کو عمران خان نے آنا ہے تو آئی جی کو سکیورٹی کا کہہ دیتے ہیں، جس پر بابر اعوان نے کہا کہ 10 فروری سے 48 گھنٹے پہلے میں عدالت کو آگاہ کر دوں گا۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں حاضری استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔