پیٹرول کی پیداوارمیں توازن سعودی ولی عہد کا روسی صدر کو فون

یکم فروری کو تیل کی پیداواری ممالک کی تنظیم اوپیک کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا


ویب ڈیسک January 31, 2023
سعودی عرب اور روس کی قیادت نے تیل کی پیداوار پر تبادلہ خیال کیا؛ فوٹو: فائل

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے تیل کی عالمی منڈی میں استحکام کے لیے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی تیل منڈی میں استحکام کے لیے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم ''اوپیک'' کے ارکان کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم گفتگو میں تجارتی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور یکم فروری کو اوپیکس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار کی موجودہ پالیسی کو برقرار رکھنےکی سفارش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : یقین ہے امریکا پاکستان کو تیل کی فراہمی کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا، روس

دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر پوتن اور سعودی ولی عہد نے عالمی منظر نامے کے تناظر میں اوپیکس اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر مشاورت کی اور ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا۔

دونوں رہنماؤں کی یہ گفتگو اس تناظر میں بھی اہمیت حاصل کرگئی کہ گزشتہ برس اوپیک نے تیل کی پیداوارکے اہداف میں کمی کی تھی جس پر امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

امریکا کو دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے رواں ماہ ہی جوبائیڈن انتظامیہ کو یاد دلایا کہ تیل کی موجودہ قیمتوں میں استحکام سے ثابت ہوگیا کہ سعودی عرب نے گزشتہ برس درست فیصلہ کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں