مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت میں مزید 2 فلسطینی نوجوان شہید

ویب ڈیسک  بدھ 1 فروری 2023
گزشتہ ماہ جنوری میں اسرائیلی فوج نے 35 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا؛ فوٹو: فائل

گزشتہ ماہ جنوری میں اسرائیلی فوج نے 35 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کیا؛ فوٹو: فائل

 غزہ: مغربی کنارے میں دو الگ الگ واقعات میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں چاقو سے لیس ایک نوجوان نے حملہ کیا جس پر فوجی اہلکاروں نے اپنے دفاع میں نوجوان پر گولی چلائی۔

دوسری جانب عینی شاہد کا کہنا ہے کہ نوجوان کو چوکی پر روکا گیا تھا اور تلاشی کے دوران ہونے والی تلخ کلامی پر اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کیا۔ نوجوان نہتا تھا۔

ادھر مغربی کنارے کے ایک اور علاقے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ نوجوان کو پستول رکھنے کا الزام عائد کرکے شہید کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اس سال کے پہلے مہینے میں 35 فلسطینی نوجوانوں کو بیدردی سے شہید کیا جس میں ایک ہی واقعے میں 10 نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا جس کے بعد سے مغربی کنارے میں کشیدگی برقرار ہے۔

اسرائیلی جارحیت پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کیا اور ملکی قیادتوں سے فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔