سال کے پہلے ماہ میں 7 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 8 فروری 2023
 جنوری میں شہریوں کی 227 گاڑیاں چوری اور چھین لی گئیں (فوٹو: فائل)

 جنوری میں شہریوں کی 227 گاڑیاں چوری اور چھین لی گئیں (فوٹو: فائل)

  کراچی: نیا سال بھی شہر قائد کے شہریوں کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا، سال کے پہلے ماہ میں 7 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوگئیں۔

سیٹیزن پولیس لائیژن کمیٹی نے سال کے پہلے مہینے کے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق سال کے پہلے مہینے جنوری میں مجموعی طور پر 7 ہزار 249 اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری میں شہریوں کی 227 گاڑیاں چوری اور چھین لی گئیں، شہریوں سے 420 موٹر سائیکل اسلحے کے زور پر چھین لی گئیں جبکہ 4 ہزار 223 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری میں شہریوں سے 2 ہزار 379 موبائل فون بھی اسلحے کے زور پر چھین لیے گئے، سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ سال جنوری میں 400 گاڑیاں،4 ہزار 327 موٹر سائیکیں چوری اور چھینی گئی تھیں۔

گزشتہ سال جنوری میں 2 ہزار 499 شہریوں کو ان کے موبائل فونز سے محروم کردیا گیا تھا، سی پی ایل سی کے مطابق جنوری میں اغوا برائے تاوان کا ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ مختلف قتل غارت گری کے واقعات میں 50 افراد جاں بحق ہوئے۔

ذرائع کے مطابق صرف جنوری میں شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر 13 نہتے شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔