پاکستانی ناظم الامور کی افغانستان واپسی کا فیصلہ نہیں کیا، دفتر خارجہ

آن لائن  جمعـء 10 فروری 2023
زلزلے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، IAEA کے سربراہ15 فروری کو آئیں گے ۔ فوٹو : فائل

زلزلے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، IAEA کے سربراہ15 فروری کو آئیں گے ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور پاکستانی ناظم الامور کی افغانستان واپسی کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام اباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں زخمی ہونے ناظم الامور عبید اللہ نظامانی کی واپسی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ پاکستان افغانستان اور ایران کے ساتھ سیکیورٹی سمیت اہم امور پر بات چیت کر رہا ہے، ساری تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں ہمارے سفارتخانے تمام متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے تجویز زیر غور ہے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، ترکیہ میں زلزلے کے بعد 23 پاکستانیوں کو ملبہ زندہ نکالا گیا 16 پاکستانیوں کو استنبول منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ 16 کو پاکستان لایا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل 15سے 16فروری تک دورہ پاکستان میں اعلیٰ سطح کی میٹنگز اور ملاقاتیں کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔