الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے وزارت داخلہ اور خزانہ کو آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے بریفنگ کے لیے طلب کر لیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں وزارتوں کے سیکریٹری کل الیکشن کمیشن کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی، وزارت خزانہ سے الیکشن کے انعقاد کے لئے فنڈز کی فراہمی کا کہا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ کو الیکشن کی سیکورٹی کے لیے آرمی ، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سے یہ بھی کہا جائے گا کہ جی ایچ کیو اور وزارت دفاع سے رابطہ کرکے فوج کی الیکشن ڈیوٹی کو یقینی بنائیں۔
ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ طلب
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع اور ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو طلب کر لیا۔ الیکشن سے متعلق سیکورٹی معاملات پر بریفنگ کے لئےوزارت دفاع اور ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو طلب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع اور ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کو 10مارچ جمعہ صبح 11 بجے بلایا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو13 مارچ پیر کو بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کے جنرل الیکشن کے انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔