کویت پٹرولیم کیلیے 27ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری

شہباز رانا / ارشاد انصاری  بدھ 22 مارچ 2023
نجکاری کمیشن بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کیلیے تجاویز کی بھی منظوری دیدی۔ فوٹو فائل

نجکاری کمیشن بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کیلیے تجاویز کی بھی منظوری دیدی۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: ای سی سی نے کویت پٹرولیم کو 27 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے کویت پٹرولیم کارپوریشن کو ڈیزل خریداری کی ادائیگیوں کی وجہ سے ڈیفالٹ روکنے کیلیے 27 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی تاہم اس اقدام سے آئی ایم ایف کے ساتھ متفقہ حد کے اندر مجموعی اخراجات برقرار رکھنے کی کوششوں میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا پی ایس او کی جانب سے پاکستانی کرنسی میں بل آف لیڈنگ کے اجرا کے30دن کے اندر نیشنل بینک میں رقم جمع کرائی جاتی ہے جو کویت پٹرولیم کارپوریشن کو کارگو کی مد میں دی جاتی ہے۔ روپے اور ڈالر کی قدر میں فرق اور زرمبادلہ میں کمی کی وجہ سے نقصان پورا کرنے کیلئے 27ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جاتی ہے۔

اجلاس نے رمضان میں گندم کی قلت سے بچنے کیلئے گلگت، بلتستان کو مارچ اور اپریل کیلئے25ہزار میٹرک ٹن گندم جاری اور 2.9ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جبکہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کیلئے پری کوالیفیکیشن کمیٹی کی تجاویز کی منظوری بھی دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔