خاتون کی درخواست پرایف آئی اے کراچی کے افسران کے خلاف مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 مارچ 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

  کراچی: عدالتی احکامات پر جمشید کوارٹر تھانے میں ایف آئی اے کراچی کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کی رہائِشی مدعیہ مقدمہ صائمہ زوجہ عمران نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں ایک گھریلو خاتون ہوں، میرے شوہر محمد عمران پیپر اینڈ اسٹیشنری کا کاروبارکرتے ہیں۔ 7 مارچ  کو منگل اوربدھ کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے  نبیل محبوب نامی شخص جس نے خود کو ایف  آئی  اے کا افسر ظاہر کیا، اپنے ساتھیوں بلاول، عقیل اور دیگر  چھ، سات صورت شناس افراد کے  ہمراہ  میرے گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہوا،  اس کے ساتھ دیگر پرائیویٹ لوگ بھی تھے۔

اپنے بیان میں مدعیہ مقدمہ نے مزید کہا کہ نبیل محبوب اور دیگر افراد نے میرے بچوں کو ہراساں اور زدوکوب کیا جبکہ ان کے ساتھ کوئی لیڈی سرچربھی نہیں تھی۔

ایف آئی اے کے مبینہ چھاپے کے  خلاف  صائمہ زوجہ عمران نے عدالت سے رجوع کیا اورعدالتی احکامات پر مقدمہ درج کرایا گیا۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹر خالد رفیق کا کہنا ہے کہ تعزیرات پاکستان  کی زیر دفعہ 457/506/382/34   کے تحت ایف آئی آر نمبر 121/23درج کر لی گئی ہے  اور تفتیش کی جارہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔