کراچی؛ تھانے میں قید 3 نوجوان بازیاب، بچھو بیچنے کے بہانے بلاکر قید کیا گیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 مارچ 2023
محکمہ پولیس کے2 برطرف پولیس اہلکارسمیت 5ملزمان گرفتار

محکمہ پولیس کے2 برطرف پولیس اہلکارسمیت 5ملزمان گرفتار

  کراچی: محفاظ خود لٹیرے بن گئے،اے سی وی سی پولیس نے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پرچھاپہ مارکرکمرے میں قید3 مغوی نوجوانوں کوبحفاظت بازیاب کرکے ان کے اغوا میں ملوث محکمہ پولیس کے2 برطرف پولیس اہلکاروں سمیت 5ملزمان کوگرفتارکرلیا۔

گرفتاراغوا کاروں نے نوجوانوں کو سستے کالے بچھو دلانے کے بہانے بلاکراغوا کیا اور ان کے اہلخانہ سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور 5لاکھ روپے میں ڈیل فائنل کی۔

ایس ایس پی وسطی نے واقعے کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ اونارتھ ناظم آباد کومعطل کر کے ان کے عہدے میں تنزلی کردی۔

جمعرات اورجمعے کی درمیانی شب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے ضلعی وسطی کے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پرچھاپہ مارکر3 مغوی نوجوانوں کو بازیاب کرکے ان کے اغوا میں ملوث محکمہ پولیس کے2 برطرف پولیس اہلکار محبوب ، آصف ان کے ساتھی مختار، اسد ریاض اورکاشف کوگرفتارکرلیا گیا۔

ایس ایس پی اے وی سی سی عبدالرحیم شیرانی نے ایکسپریس کوبتایا کہ بازیاب کرائے جانے والے تینوں نوجوان سلیم،شعیب اورعصمت قائد آباد کے رہائشی ہیں اور 23 مارچ سے لاپتہ تھے ۔ گرفتاراغوا کاروں نے مغوی نوجوانوں کوسستا کالا بچھو دینے کے بہانے بلوایا تھا اورنارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب سے اغوا کرلیا اورپھر انہیں نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر قائم کمرے میں قید کرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ اغوا کاروں نے مغوی نوجوانوں کی رہائی کے لیے ان کے گھروالوں سے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھااور 5لاکھ روپے میں ڈیل طے کی گئی ۔ گرفتارملزمان نے اہلخانہ سے تاوان کے 4لاکھ روپے بھی وصول کرلیے۔

اس دوران اے وی سی سی پولیس کو اطلاع ملی جس نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں چھت پر چھاپہ مار کرکمرے میں قید کیے گئے تینوں مغوی نوجوانوں کو بازیاب کراکر پانچ اغوا کاروں کوگرفتارکرلیا اور رہائی کے لیے وصول کی جانے والی تاوان کی رقم بھی برآمد کرلی۔

ایس ایس پی اے وی سی سی عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ تفتیش کے دوران شواہد ملے کہ نوجوانوں کے اغوا کا ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد اور ایس ایچ او حیدری کو علم تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اے وی سی سی پولیس گرفتاراغوا کاروں سے مزید تفتیش کررہی ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ادھرایس ایس پی ضلع وسطی معروف عثمان نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد معید احمد کو معطل کرتے ہوئے اس کے عہدے میں بھی تنزلی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔