پرویز الہیٰ کے گھر ایک بار پھر آپریشن، سابق وزیراعلیٰ کی گرفتاری کا امکان

ویب ڈیسک  جمعرات 25 مئ 2023
—فوٹو: ایکسپریس نیوز

—فوٹو: ایکسپریس نیوز

 لاہور: اینٹی کرپشن ٹیم اور پولیس ایک مرتبہ پھر پرویز الہیٰ کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی، پولیس نے سابق وزیراعلیٰ کی رہائش سے ملحقہ اسکول میں بھی سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور پرویز الہیٰ کی گرفتاری کا امکان ہے۔ 

قبل ازیں اینٹی کرپشن ٹیم رات 8 بجے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے گھر کی تلاشی کے بعد انہیں گرفتار کئے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئی تھی، ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف اور ایس پی عمارہ کے مطابق پرویز الہیٰ کے گھر کی خواتین اہلکاروں کے ساتھ تلاشی لی گئی، پرویز الہیٰ گھر پر موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب پرویز الہیٰ کے وکلاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی وجہ سے آج پولیس کو ہلڑ بازی کی جرات نہیں ہوئی، پولیس کے پاس سرچ وارنٹ نہیں تھا اسکے باوجود تلاشی دی، ہم نے پہلے ہی بتایا تھا چوہدری صاحب گھر پر نہیں لیکن نگران سیٹ اپ مخالفت پر اترا ہوا ہے۔

قبل ازیں اینٹی کرپشن عدالت کی جانب سے آج پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد انسداد کرپشن کی ٹیم سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر میں داخل ہوگئی تھی، اس موقع پر گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائشگاہ پر پولیس کے ایک اور حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور اسکے سپورٹرز کیخلاف روا رکھی جانے والی یزیدیت کی کوئی حد نہیں، اس ظلم و بربریت کے پیچھے کارفرما ذہن اس خوش فہمی کے شکار ہیں کہ اس سب سے تحریک انصاف کمزور ہوجائے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت تبھی کمزور ہوتی ہے جب وہ عوام کی تائید (ووٹ بنک) سے محروم ہوتی ہے جیسا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کے معاملے میں ہوا۔ ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تو عوام کے دلوں میں پاکستان تحریک انصاف کیلئے ہمدردیاں بڑھ رہی ہیں۔

آج ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ڈی جی اینٹی کرپشن 

اس سے قبل ظہور الہٰی روڈ کو پولیس نے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ کو آج ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، جعلی میڈیکل جمع کروانے پر بھی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز اختیارات کا استعمال ، ترقیاتی فنڈز میں خوردبرد کا مقدمہ درج کر رکھا تھا۔

ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے مقدمے 

خیال رہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے ساتھ ہی ان کی حاضری معافی کی درخواست بھی خارج کردی۔

واضح رہے کہ پرویز الٰہی اپنی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے باوجود آج بھی اینٹی کرپشن عدالت میں پیش نہ ہوئے، وکیل امجد پرویز نے پرویز الٰہی کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الٰہی کو سینے میں درد ہے، اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی کا میڈیکل جعلی ہے۔ عدالت نے  وکیل سے کہا لائیں رپورٹس دکھائیں، میں ابھی فیصلہ کرتا ہوں۔ عدالت نے میڈیکل رپورٹس فوری پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔