بھارتی اسکول کے کھانے میں مردہ سانپ نکل آیا، 100 بچے اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مئ 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

بہار: اراریا ضلع میں قائم ایک اسکول کے تیار کردہ کھانے میں مردہ سانپ برآمد ہوا جسے کھانے پر درجنوں بچوں کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امونا مڈل اسکول وارڈ نمبر 21 میں ہونے والے واقعے میں متاثرہ بچوں سے متعلق حکام نے بتایا کہ 100 بچوں کا علاج چل رہا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اراریا کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) راج کمار نے بتایا کہ تمام اسکول کے بچوں کو جنہوں نے دوپہر کا کھانا کھایا تھا، کو فوربس گنج کے سب ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور خوش قسمتی سے سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعے سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور قصوروار پائے جانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک این جی او کو اسکول میں دوپہر کے کھانے کی فراہمی کے لیے تفویض کیا گیا تھا اور کھانے کے انتظامات اُن کی ذمہ داری تھی۔ ین جی او کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اگر وہ مجرم پائے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔