عوام کی مسلح افواج سے محبت نے دشمن کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا، آرمی چیف

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے محبت کا اظہارکرکے دشمن کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ چھاؤنی کا دورہ کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ  عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کا گٹھ جوڑعوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا۔

آرمی چیف  سیدعاصم  منیر نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج کے درمیان اٹوٹ رشتہ کمزور کرنے کی کوششیں کر نے والے کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے، مسلح افواج پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض ہیں، عوام نے ملک کے طول و عرض میں مسلح افواج سے محبت کااظہارکرکے دشمن کے مذموم عزائم کامنہ توڑ جواب دیا۔

آرمی چیف نے مزید کہاکہ پاک فوج دنیا کی سب سے مضبوط افواج میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے لیے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم  منیر کا کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کے لیے مختلف فلاحی اسکیموں کا بھی دورہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔