راولپنڈی؛ انتظامیہ اور ہڑتال پر گئے آئل ٹینکرز مالکان کے درمیان مذاکرات کامیاب

ویب ڈیسک  پير 5 جون 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: سہالہ کہوٹہ روڈ کی بحالی کے لیے ہڑتال پر گئے آئل ٹینکرز مالکان اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ہڑتال ختم کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاقے میں واقع سہالہ کہوٹہ روڈ بارشوں کے باعث گزشتہ تین روز سے بند ہونے کے خلاف آل پاکستان آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز  ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ سہالہ آئل ڈپو سے جڑواں شہروں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل رہے گی۔

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ سہالہ روڈ گزشتہ کئی سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، سہالہ آئل ڈپو سے سپلائی کے لیے نکلنے والے درجنوں آئل ٹینکرز حادثے کا شکار ہوچکے ہیں، حالیہ بارشوں سے اہم شاہراہ پر آئیل ٹینکرز چلانا مشکل ہوچکا ہے، اسلام آباد انتظامیہ کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا لیکن داد رسی نہیں ہوئی۔

انہوں نے اعلان کیا تھا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے فیصلے کے مطابق روڈ کی مکمل مرمت تک ہڑتال رہے گی تاہم آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں جو کہ کامیاب ہوگئے۔

انتظامیہ کی جانب سے تین دن میں روڈ بحالی کی یقین دہانی پر آئل ٹینکرز مالکان نے ہڑتال ختم کردی۔ اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد انتظامیہ نے فوری طور پر سہالہ روڈ پر بحالی کا کام شروع کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔