ہزاروں ملازمین کے لیے سہولت، محکمہ کالجز میں آن لائن درخواست دینے کا نظام متعارف

عائشہ خان  بدھ 7 جون 2023
درخواستوں پر عمل درآمد کیلیے خودکار تصدیق اور پروسیسنگ کا نظام بھی ہوگا،ڈی جی کالجز پروفیسر شاداب حسین
۔ فوٹو: فائل

درخواستوں پر عمل درآمد کیلیے خودکار تصدیق اور پروسیسنگ کا نظام بھی ہوگا،ڈی جی کالجز پروفیسر شاداب حسین ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: محکمہ کالجز سندھ نے این او سی کے حصول کیلیے اور کسی بھی چھٹی کیلیے آن لائن درخواست دینے کا نظام متعارف کرا دیا۔

سیکریٹری کالجز سندھ احمد بخش ناریجو کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ شاداب حسین نے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کیلیے آن لائن نو آب جیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) کے حصول کیلیے کام کا آغاز کیا ہے۔

ڈی جی کالجز پروفیسر شاداب حسین نے ایکسپریس سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اساتذہ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ گھر بیٹھ کر چھٹی ، الاؤنس وغیرہ کے لیے آن لائن محکمہ کالجز کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر سکیں گے، یہ فرسودہ طریقہ کار نہ صرف ہمارے ملازمین پر بوجھ ڈال رہا تھا بلکہ تاخیر اور انتظامی نااہلی کا باعث بھی بنتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کلک پر کسی بھی ملازم کی درخواست ہمیں موصول ہوجائے گی، آن لائن درخواست جس میں دستاویزات، میڈیکل سرٹیفکیٹس، سفری سفر نامے، یا متعلقہ این او سی اپلوڈ کرنے کا سسٹم ہوگا درخواستوں پر عمل درآمد کیلیے خودکار تصدیق اور پروسیسنگ کا نظام بھی ہوگا، فیصلہ سازی میں درستی کو یقینی بنائیں گے،درخواست دہندگان کو ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت فراہم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔