شوہر نے بیوی کو دبوچ کر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگادی؛ ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  بدھ 7 جون 2023
بھارت میں شوہر نے بیوی کو دبوچ کر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگادی؛ فوٹو: ویڈیو گریب

بھارت میں شوہر نے بیوی کو دبوچ کر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگادی؛ فوٹو: ویڈیو گریب

نئی دہلی: کلکتہ میٹرو اسٹیشن پر شوہر نے اپنی بیوی کو زبردستی دبوچ کر پٹڑی پر چھلانگ لگادی اور ٹرین دونوں کے اوپر سے گزر گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہولناک واقعہ کلکتہ کے نوواپارہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں یہ ہولناک منظر محفوظ ہوگیا جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیوی پلیٹ فارم پر ریل گاڑی کے انتظار میں آگے چل رہی ہوتی ہے اور عقب میں قدرے سست رفتاری سے شوہر آرہا ہے۔ جیسے ہی ٹرین ان دونوں کے قریب آنے لگتی ہے شوہر بیوی کو دبوچ لیتا ہے۔

 

شوہر بیوی کو جکڑ کر پٹڑی پر کود جاتا ہے اور اتنے میں  ٹرین دونوں پر سے گزر جاتی ہے۔ اس دوران بیوی اپنے شوہر کے شکنجے سے نکلنے کی کوشش بھی کرتی ہے اور پٹڑی سے زرا آگے نکل بھی جاتی ہے لیکن دونوں ٹرین کی زد میں آجاتے ہیں۔

ریلوے کے عملے نے دونوں کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز نے دونوں کو بچالیا لیکن شوہر کی ایک ٹانگ کاٹنی پڑی اور دوسری میں بھی فریکچر ہے جب کہ بیوی زخمی ہے لیکن خطرے سے باہر ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔