بیٹی کی وجہ سے دوسری شادی کی اداکارہ عروج ناصر

عروج ناصر کے دوسرے شوہر تین بچوں کے والد اور دونوں اسکول کے زمانے سے دوست ہیں


ویب ڈیسک June 07, 2023
فوٹو انٹرنیٹ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ اور اینکر عروج ناصر نے اپنے اسکول کے ہم جماعت سے دوسری شادی کرنے کی وجہ بتا دی۔

اپنے یوٹیوب چینل پر لنڈا بازار ڈرامے میں کردار ادا کرنے والی عروج ناصر نے تفصیلی ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ دونوں کی اسکول کے 30 سال بعد دوبارہ ملاقات اور پھر بات شادی تک کیسے پہنچی۔

واضح رہے کہ عروج ناصر کی پہلی شادی نعمان مسعود سے ہوئی تھی جس کے بعد اُن کے ہاں بیٹی آیت فاطمہ کی پیدائش ہوئی، تاہم زندگی میں ایک ایسا موڑ آیا جس میں دونوں نے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کیا۔

عروج ناصر کے دوسرے شوہر شیراز چوہدری ہیں، اُن کے تین بچے جو برطانیہ میں مقیم ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دنوں میں ہمارا رابطہ بحال ہوا، جس کے بعد بات چیت شروع ہوئی تو شیراز نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے حوالے سے سب بتایا اور اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ رہتے ہیں۔

عروج نے بتایا کہ شیراز نے مجھ سے محبت کا اظہار کر کے شادی کی پیش کش کی جسے میں نے قبول کرلیا کیونکہ میں اپنی بیٹی آیت کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند تھی۔

اُدھر شیراز چوہدری نے بتایا کہ میں اسکول کے دنوں سے ہی عروج کو پسند کرتا تھا تاہم کبھی اس کا اظہار نہیں کیا تھا اور موقع کے انتطار میں رہ گیا، بعد میں جب ہماری شادی ہوئی تو مصروفیات بڑھ گئیں اور بالکل ہی رابطہ منقطع ہوگیا تاہم ہمیشہ سے یہی خواہش رہتی تھی کہ کسی طرح دوبارہ رابطہ ہوا۔

'پھر ہمارا رابطہ بحال ہوا اور میں نے اپنے دل کی بات کہہ ڈالی، جس پر عروج نے بھی مثبت ردعمل دیا تو پھر میں نے شادی کی پیش کش کی اور اب ہم دونوں بہت اچھی خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنے اسکول کے دوستوں کو جمع کر کے واٹس ایپ پر ایک گروپ بھی بنایا ہے جس میں روز مرہ کی باتوں کے ساتھ سنہرے دور کی یادوں پر بھی بات چیت ہوتی ہے۔

مقبول خبریں