راولپنڈی گشت پر مامور پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ 3اہلکار زخمی
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی
تھانہ رتہ امرال کے علاقے ہزارہ کالونی میں پیٹرولنگ پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سب انسپکر اویس کی سربراہی میں پولیس ٹیم ہزارہ کالونی راولپنڈی میں گشت پر تھی کہ کباڑ خانے کے قریب کھڑے دو افراد میں سے ایک شخص پولیس کو دیکھ کر مشکوک انداز میں کباڑے خانے میں فرار ہوا جس کو قابو کرکے پولیس موبائل میں منتقل کیا تو کباڑ خانے اور بھینسوں کے باڑے سے نامعلوم ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس ٹیم کے سربراہ سب انسپکڑ اویس، کانسٹیبل وقاص اور عاطف زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے اور زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران اپنی زندگی کی پرواہ نہ کرنے والے پولیس اہلکار ہمارا فخر ہیں۔