پاکستان میں صحافیوں کو آزادی سے کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے امریکا

چیئرمین تحریک انصاف کے حکومت کی تبدیلی سے متعلق الزامات جھوٹے اور غلط بیانی پر مبنی ہیں، ترجمان میتھیو ملر


ویب ڈیسک June 16, 2023
پاکستان کی سیاست وہاں کے عوام کا معاملہ ہے، امریکا کا نہیں؛ میتھیو ملر (فوٹو: فائل)

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان پر بھی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صحافیوں کو ان کا کام آزادانہ طور پر کرنے دیا جائے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان میں صحافیوں کی گرفتاری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ جمہوریت اور آزاد میڈیا لازم و ملزوم ہیں۔ آزاد اور شفاف صحافت جمہوریت کے فروغ میں مدد دیتی ہے۔ ہم عام طور پر سب ہی ممالک کی حکومتوں سے صحافیوں کے کردار کا احترام کرنے پر زور دیتے ہیں۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو اپنا کام کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کے ان کی حکومت کی تبدیلی میں امریکا کے ملوث ہونے کے الزام سے متعلق سوال پر ترجمان میتھیو ملر نے دہرایا کہ پی ٹی آئی سربراہ کے الزامات جھوٹے اور غلط بیانی پر مبنی ہیں۔

مائیک ملر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست جو کچھ ہوریا ہے وہ وہاں کے عوام کا معاملہ ہے کہ وہ اپنے آئین اور قوانین کے مطابق فیصلہ کریں۔ اس سے امریکا کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

 

مقبول خبریں