شدید گرمی کے باوجود جیو کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں مظاہرے جاری

ملتان، بہاولپور اور مظفرگڑھ میں فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں مظاہرے


لاہور میں تحفظ ناموس رسالت محاذ کے تحت پاک فوج کی حمایت میں مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

شدید گرمی کے باوجود پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے منگل کو بھی ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام پاک فوج کی حمایت اور جنگ، جیو کیخلاف پریس کلب چوک شملہ پہاڑی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محاذ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں عوام کے دل فوج کیساتھ دھڑکتے ہیں، وطن عزیز کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اسلام آباد میں نیشنل کونسل فار انٹرفیتھ ہارمنی کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی، شرکاء ''جیو مگر پاکستانی بن کر''، ''جیو افواج پاکستان اور انکے شہداء کو یاد رکھ کر'' کے نعرے لگا رہے تھے۔

بورے والا میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام جیو کیخلاف ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے جیو کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ حافظ آباد میں دو وکلاء پر تشدد کیخلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلاء نے مکمل ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ ہنگو میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس میں مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور سنی سپریم کونسل کے مشران اور کارکنان نے شرکت کی۔کوئٹہ میں ورکرز پارٹی کے زیراہتمام فوج کی حمایت اور جیو کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔

پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلیے مختلف شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے جاری ہیں۔ ہیلپرز بزنس کونسل اور کنٹونمنٹ سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ایس پی چوک ملتان کینٹ پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وائس پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ حاجی فضل حسین خان چانڈیو، چیئرمین سول سوسائٹی ملک رنگ علی اعوان' چیف کوارڈینیٹر غضنفر ملک' چیف آرگنائزر معظم وحید خواجہ' وائس چیئرمین کلب عابد خان' رانا مبشر رئیس' باسط توقیر انصاری' خواجہ دلشاد احمد' رانا مقصود احمد' اختر حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی کا مثبت اور فعال کردار قابل تحسین رہا ہے، وطن عزیز کی ہر مشکل گھڑی میں ان دونوں قومی اداروں نے ناقابل فراموش مثالی کردار ادا کرکے قوم اور ملک کی خدمت کی ہے۔

نیشنل لیبر الائنس کے مرکزی سربراہ غازی احمد حسن کھوکھر نے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایس آئی پر الزامات ملک دشمن عناصر کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے، وہ اپنے مذموم ناپاک عزائم کی تکمیل کیلیے آئی ایس آئی پر الزامات لگا کر اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان' وزیراعظم اور وزیر داخلہ اس کا سختی سے نوٹس لے کر آئی ایس آئی کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ جماعۃ الدعوۃ نے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلیے ملتان و جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں استحکام پاکستان ریلیوں اور کانفرنسز کا اعلان کر دیا۔ احتجاجی ریلی میں جنگ و جیو کے کردار کی مذمت کی گئی۔

ریلی میں شرکاء نے پاک فوج اورآئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی اور جیو نیوز کی بندش کے پمفلٹ اٹھا رکھے تھے۔ مظفرگڑھ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پاک فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت میں پاک آرمی لورز فورم اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی خواجہ فرید کالونی سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مظفرگڑھ پریس کلب پہنچی۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے پاکستانی جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں نعرے درج تھے، موٹر سائیکل سواروں، رکشوں اور کاروں پر مشتمل ریلی نے فرید کالونی سے پریس کلب تک کا 3 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرئوف چوہدری اور اعظم خان بلوچ نے کہا کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی ملکی دفاع کے ضامن ادارے ہیں۔ مفادات کی خاطر ا داروں پر انگلی اٹھانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

مقبول خبریں