قطر اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں نے دوبارہ کام شروع کردیا

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے 2017 میں قطر سے تعلقات منقطع کرلیے تھے


ویب ڈیسک June 19, 2023
قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات 2017 کو منقطع ہوئے تھے؛

متحدہ عرب امارات میں 5 سال سے بند قطر اور قطر میں اتنے ہی برسوں سے غیر فعال متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں نے دوبارہ کام کرنا شروع کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطر کے درمیان 2017 سے منقطع سفارتی تعلقات دوبارہ سے بحال ہوگئے اور دونوں نے ایک دوسرے کے یہاں اپنے اپنے سفارت خانے کھول دیے۔

قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے سفارت خانے کھلنے کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ایک دوسرے کو مبارک باد بھی دی اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کے الزامات عائد کرکے تعلقات منقطع کرلیے تھے تاہم 2 برس قبل ان ممالک نے قطر سے تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھے۔

جس کے بعد سعودی عرب اور مصر نے 2021 میں ہی قطر میں سفیر تعینات کر دیے تھے اور اب متحدہ عرب امارات نے بھی سفارت خانہ کھول لیا لیکن ابھی تک بحرین نے سفارت خانہ نہیں کھولا۔

 

مقبول خبریں