انتخابات کے بعد ملک سیاسی استحکام کی طرف بڑھے گا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  منگل 18 جولائی 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عام  انتخابات کے بعد ملک سیاسی استحکام کی طرف بڑھے  گا، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔

ڈپلومیٹک  کور کے اعزاز میں  دیےگئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ عام انتخابات  کے انعقاد کے بعد  ملک سیاسی استحکام  کی جانب گامزن ہوگا  اورسیاسی استحکام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ  بطور وزیرخارجہ مختلف ممالک کا دورہ کیا اور  دوسرے ملکوں سے تعلقات کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش  کی، پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  15  ماہ کے  دوران عالمی سطح پر خارجہ تعلقات میں بہتری آئی  ہے اور اس عرصے کے دوران  پوری کوشش کی کہ سیاست کو خارجہ پالیسی پر اثرانداز نہ ہونے دیا جائے۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ کچھ سال سے پاکستان معاشی مشکلات کا شکار تھا اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا  بھی کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ دوست ممالک کی وجہ سے ممکن ہوا،  کوپ27 کانفرنس میں دوست ملکوں نے تعاون کے وعدے کیے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ  نفرت اور تقسیم کی سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔