راولپنڈی سے ملتان جانے والی تھل ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی
ٹرین کی کچھ بوگیاں میانوالی ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اترگئیں، خوش قسمتی سے مسافرمحفوظ رہے
راولپنڈی سے ملتان جانے والی تھل ایکسپریس بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی سے ملتان جانے والی تھل ایکسپریس کی کچھ بوگیاں میانوالی ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اترگئیں۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی بوگی الٹی اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا، تمام مسافر محفوظ رہے۔
حادثے کے بعد مسافروں کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ بوگیاں فش پلیٹیں اکھڑنے کی وجہ سے پٹڑی سے اتریں۔
بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے بعد ٹرین رکی تو خوف زدہ مسافر نیچے اتر آئے جبکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں ریلوے ٹریک کا بیشتر حصہ بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کے حادثات ہوتے رہتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔
رواں ماہ کے وائل میں نواب شاہ میں ہزارہ ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئی تھیں جس کے نتیجے میں 35 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔