روس میں آج سے اسلامی بینکنگ کا آغاز ہوگیا

روس میں مسلمانوں کی تعداد 25 ملین ہے اور کافی عرصے سے اسلامی بینکاری کا مطالبہ کیا جا رہا تھا


ویب ڈیسک September 01, 2023
روس نے 25 ملین مسلمان آبادی کے لیے اسلامی بینکاری شروع کردی، فوٹو: فائل

روس میں اسلامی بینکنگ کا آغاز آج یکم ستمبر سے ہوگیا جس سے مسلم برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے صدر ولادیمیر پوٹن کا شکریہ ادا کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے اسلامی بینکاری سے متعلق قانون پر 4 اگست کو دستخط کیے تھے اور آج سے 25 ملین مسلمان آبادی والے ملک میں اسلامی بینکنگ کا آغاز ہوگیا۔

روس میں مسلم برادری نے صدر ولادیمیر پوٹن کا اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی بینکاری وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔

خیال رہے کہ روس میں کچھ اسلامی مالیاتی ادارے پہلے سے کام کر رہے تھے لیکن اب پہلی بار اسلامی بینکنگ کا سرکاری سطح پر آغاز کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر اسلامی بینکاری مسلم اکثریتی علاقوں تاتارستان، باشکورتوستان، چیچنیا اور داغستان میں شروع کی گئی اور اگر یہ پروگرام کامیاب ہوگیا تو پورے ملک میں نافذ العمل کیا جائے گا۔

مسلم آبادی کافی عرصے سے اسلامی بینکاری کا مطالبہ کرتی آئی ہے لیکن یوکرین جنگ کے باعث روس کے اقتصادی شعبے پر مغربی ممالک کے دباؤ نے بھی صدر پوٹن کو اسلامی بینکاری شروع کرنے پر مجبور کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی بینکاری شریعت کے تحت کام کرتی ہے جو سود پر مشتمل لین دین کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتی ہے کیوں کہ سود کو رقوم کا غیر منصفانہ تبادلہ سمجھا جاتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں