ایشیاکپ؛ شاہین آفریدی کا خوف ایک بار پھر بھارتی بیٹرز کے اعصاب پر سوار

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 9 ستمبر 2023
خصوصی انڈور پریکٹس میں بائیں ہاتھ کے تھرو بولر کی خدمات حاصل کرلی گئی (فوٹو: کرک انفو)

خصوصی انڈور پریکٹس میں بائیں ہاتھ کے تھرو بولر کی خدمات حاصل کرلی گئی (فوٹو: کرک انفو)

لاہور: شاہین شاہ آفریدی بھارتی بیٹرز کے اعصاب پر سوار ہیں جب کہ خصوصی انڈور پریکٹس میں بائیں ہاتھ کے تھرو بولر نوان سنیوی رتنے کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

کولمبو کے افق پر مسلسل بادل منڈلا رہے ہیں،دوسری جانب ٹیمیں اس امید پر پلاننگ کررہی ہیں کہ ایشیا کپ میں اتوار کو شیڈول سپر 4 مرحلے کا پاک بھارت مقابلے میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل جائے گا، نئی گیند سے حریفوں کی ٹاپ آرڈر کا صفایا کرنے کے عادی شاہین شاہ آفریدی بھارتی ٹیم کے اعصاب پر سوار ہیں۔

جمعرات کے روز بارش کی وجہ سے کھلاڑیوں نے انڈور پریکٹس کی، بیٹرز کی توجہ اس بات پر مرکوز رہی کہ لیفٹ آرم پیسر کے کاری وار کس طرح برداشت کرنا ہیں،بہتر تیاری کیلیے بائیں ہاتھ سے تھرو بولنگ کے اسپیشلسٹ نوان سنیوی رتنے کی خدمات حاصل کرلی گئیں تھیں،انھوں نے ایک ایسا آلہ بھی استعمال کیا جو ان اور آؤٹ سوئنگ کی نشاندی کرتا رہا، ڈیٹا اینالسٹ ہری پرساد موہن مسلسل ویڈیوز بناتے رہے،انھوں نے فٹ ورک پر توجہ دیتے ہوئے ایک ایک حرکت نوٹ کی اور غلطیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: گواسکر نے پاکستان کے بولنگ یونٹ کو بہترین ’نیو بال اٹیک‘ قرار دیدیا

شبھمان گل نے سب سے طویل سیشن کیا، شریاس آئر نے ایک گھنٹے سے زائد وقت پریکٹس کی، انجری سے نجات کے بعد کم بیک کیلیے کوشاں لوکیش راہول نے بھی خوب پسینہ بہایا،انھوں نے خصوصی طور پر تھرو بولر کو کم فاصلے سے گیندیں کرنے کیلیے کہا تاکہ پاکستانی پیسرز کا سامنا کرتے ہوئے دشواری نہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ؛ ’’ موجودہ بالنگ لائن کو دیکھ کر وسیم، وقار کی یاد آجاتی ہے‘‘

یاد رہے کہ اس سیشن کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے تمام کھلاڑیوں کو انڈور نیٹ میں نہیں بلایا تھا، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور خصوصی ٹریننگ کو دیکھنے کے بجائے الگ نیٹس میں آل رائونڈرز اور ٹیل اینڈرز کی پریکٹس کو جانچتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔