جیو کیخلاف مظاہرے جاری مزید کئی عدالتوں کا میر شکیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

کیبل آپریٹرز،سنی علما کونسل،شیعہ علما کونسل، اے ٹی آئی اور اداکار ماجد جہانگیر کا احتجاج، مانچسٹرمیں بھی مظاہرہ


سندھ ہائیکورٹ سے میرشکیل و دیگر کو نوٹس جاری، منقبت کے شاعر نے بھی اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

FAISALABAD: جیو کیخلاف اور پاک فوج کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق سنی علماکونسل پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علما و مشائخ نے کہا ہے کہ جنگ وجیو نے ملک کے 18کروڑ عوام کے مذہبی جذبات کومجروح کیا ہے۔

سنی علما کونسل پاکستان کراچی کا اجلاس جامع ابو بکر گلستان جوہر میں چیئر مین علامہ اشرف گورمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں پولیس انتظامیہ کے جانبدارانہ رویہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سنی علما کونسل 25 مئی اتوار کی شام سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ حامد رضا ، وائس آف شہدا کے چیئر مین سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی اپیل پر جیو جنگ کے خلاف پر امن احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ اجلاس سے علامہ اشرف گورمانی،مفتی غلام مرتضی مہروی،مولانا صدیق امیر،مولانا امین نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔

علاوہ ازیں مختلف اقلیتی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسیحی رہنما بشپ صادق ڈینئل نے کہا ہے کہ وہ جیو میڈیا گروپ کی جانب سے آئی ایس آئی کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے اور گستاخانہ پروگرام چلانے کی مذمت کرتے ہیں۔حیدرآباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق شیعہ علما کونسل کے تحت حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج میں جیو اور جنگ گروپ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے۔ مقررین نے جیوکے مارننگ شو میں اہل بیت کی شان میں کی گئی گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے گستاخانہ پروگرام کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور جیو ٹی وی پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

صادق آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پرائیڈ آف پرفارمنس معروف پی ٹی وی اداکار ماجد جہانگیر نے گستاخانہ پروگرام نشر کرنے پر جیو نیوز کے خلاف صادق آباد سے احتجاج شروع کردیا، جیو نیوز کی بندش کے لیے اسلام آباد تک ہر شہر میں جاکر احتجاج کروں گا' ایک آرٹسٹ کی حیثیت سے جیو کی بندش کے لیے نکلا ہوں' حکومت نے اگر اس ضمن میں کوئی اقدام نہ کیا تو خدا کے ہاں اور دنیا میں بھی اسکا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ ماجد جہانگیر نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں واحد فنکار ہوں جو اس ناپاک جسارت کے خلاف جیو نیوز کی بندش کے لیے نکلا ہوں اور اس سلسلے میں شہر شہر جائوں گا۔ اگر میں احتجاج کے لیے نہ نکلتا تو میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا۔

اہل بیت کے خلاف ہرزہ سرائی پر خاموشی ایک مجرمانہ فعل ہے، پاک فوج کیخلاف جھوٹے پروپیگنڈے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے انھوں نے جیو نیوز اور جنگ کی بندش کا مطالبہ کیا ہے۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن لاہور کے صدر منیب علیم اور نائب صدر رانا اظہر کی قیادت میں سیکڑوں کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے جیو اور میر شکیل الرحمان کیخلاف مظاہرہ کیا۔ منیب اعوان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میر شکیل الرحمان نے آئی ایس آئی پر تنقید کرکے ملک دشمن طاقتوں کا ساتھ دیا، اہل بیتؓ کی شان میں گستاخی سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، حکومت جیو کا لائسنس فوری منسوخ کرے۔

وکلا نے جیو اور جنگ کے خلاف ہائیکورٹ بارسے جی پی او چوک تک مارچ کیا، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرجیو اور جنگ کیخلاف نعرے درج تھے۔ تحریک انصاف اسلام آباد نے پیمرا ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ایم این اے نفیسہ عنایت اللہ نے کی،مقررین نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مخصوص میڈیاگروپ کی سرپرستی انتہائی قابلِ مذمت اور تشویشناک ہے۔ پیمرا ہیڈکوارٹرز کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ جیو نے اہل بیتؓ کی شان میں گستاخی کی، جب تک جیو کیخلاف کارروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک احتجاج جاری رہیگا۔ انجمن طلبائے اسلام کے زیراہتمام بھی پیمرا ہیڈکوارٹرز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں بھی پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی اور لارڈ نذیر احمد کی زیرقیادت پاکستانی سفارتخانہ کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے کہا کہ جیو کا کا معافی مانگنا کافی نہیں۔بوریوالا میں بھی فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جبکہ پولیس نے ریلی میں بم کی افواہ پھیلانے والے شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔آئی این پی کے مطابق منڈی بہاؤالدین میں انجمن تاجران کے زیراہتمام فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق سلانوالی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، جنگ اور جیو کی ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔صادق آباد میں عوامی تحریک کے زیر اہتمام جیو کیخلاف ریلی نکالی گئی۔

کراچی، فیصل آباد، حافظ آباد و دیگر شہروں کی عدالتوں نے اہل بیت کی شان میں گستاخی پر جیو کے مالک میر شکیل الرحمٰن، میزبان شائستہ لودھی ودیگر کیخلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جیوکا لائسنس منسوخ کرنے کے لیے دائر درخواست پر وفاقی وزات اطلاعات و نشریات، پیمرا، انڈیپینڈنٹ میڈیا کارپوریشن، سربراہ جنگ گروپ میرشکیل الرحمان، سی ای اومیرابراہیم، اینکر شائستہ لودھی و دیگر کو 28 مئی کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

علاوہ ازیں مارننگ شو میں نشر کی جانے والی منقبت کے خالق سید محمد علی المعروف گوہر جارجوئی نے ڈسٹرکٹ کورٹ میں شکیل الرحمن اور پروگرام کے تمام کرداروں کیخلاف کاپی رائٹ اور اہلبیت کی شان میں گستاخی کرنے پر مقدمہ درج کے لیے عدالت میں دائر کردی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ جیو نے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی اورمنقبت کی بے حرمتی کرتے ہوئے اہل بیت کی شان میں گستاخی کی، پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی جس پر فاضل عدالت نے ایس ایچ او پی آئی بی کو درخواست پر کارروائی نہ کرنے پر 26 مئی کو عدالت طلب کرلیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گوہر جارجوئی نے کہا کہ جیو اس دور کا فرعون ہے اس کو دریائے نیل میں غرق کردیا جائے، اس چینل کی وجہ سے عاشقان رسول، اہلبیت اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

فیصل آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج منظرعلی گل نے مارننگ شو میں توہین اہل بیت پرجیو، میر شکیل الرحمن، ڈاکٹر شائستہ لودھی، قوال تاجی برادران و دیگر ذمے داروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر تھانہ کوتوالی کے ایس ایچ اوکومقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج چوہدری محمد حسین نے جیوکے مالک میر شکیل الرحمان، اینکر شائستہ لودھی، اداکارہ وینا ملک اور اس کے شوہر اسد خٹک سمیت 6 افراد کے خلاف تھانہ صدر کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے 24گھنٹے میں ایف آئی آر کی کاپی طلب کرلی ہے۔

درخواست ڈسٹرکٹ بار کے رکن امان اللہ سندھو ایڈووکیٹ اور محسن شبیرجعفری نے دائر کی تھی۔ بڑا گھر سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے تھانہ بڑا گھرکومیر شکیل الرحمان، شائستہ لودھی و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج صادق آباد خضرحیات سیال نے جیوکیخلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے دائر 2 مختلف درخواستوں پر پولیس سے 22 مئی کو رپورٹ طلب کر لی۔ پشاور کی عدالت نے بھی اندراج مقدمہ کی درخواست پرنوٹس جاری کردیے ہیں۔

سکھر سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایک شہری نے سیشن کورٹ میں جیو کیخلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔شہری آصف بھٹی نے پولیس تھانہ سٹی میاں چنوں کوشان اہل بیتؓ میں گستاخی پرجیو کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔ حاصل پور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق آفتاب احمد چیمہ ایڈووکیٹ نے اہل بیتؓ کی شان میں گستاخی پر جنگ جیو گروپ کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج شوکت محمودکی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ بوریوالہ سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج بوریوالہ ملک ارشد کی عدالت میں دو الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ عدالت نے دونوں درخواستوں پر 30 مئی کوتمام مدعا علیہان کوعدالت طلب کرلیاہے۔

مقبول خبریں