سندھ محکمہ اوقاف کی مساجد میں خواتین نمازیوں کیلئے الگ جگہ مختص کرنے کا فیصلہ
اس حوالے سے انگریزی، اردو، سندھی اور گجراتی زبانوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی، وزیر اوقاف سندھ عمر سومرو
سندھ حکومت نے محکمہ اوقاف کی تمام مساجد میں خواتین کے نماز پڑھنے کے لیے علیحدہ جگہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس سلسلے میں وزیر قانون اور اوقاف محمد عمر سومرو کی صدارت میں سیکریٹری اوقاف کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری اوقاف منور مہیسر، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ اوقاف اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں مساجد، مدارس کی رجسٹریشن اور خواتین کے نماز پڑھنے کے لیے علیحدہ جگہ مختص کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ نگراں وزیر قانون و اوقاف محمد عمر سومرو نے اجلاس میں سیکریٹری اوقاف کو ہدایت کی کے محکمہ اوقاف سندھ کی 77 مساجد میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ نماز پڑھنے کے لیے مختص کی جائے اور سرکلر نکالا جائے اور اس سے متعلق انگریزی، اردو، سندھی اور گجراتی زبانوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
عمر سومرو کا احکامات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کے تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مساجد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے، محکمہ اوقاف دیگر متعلقہ محکموں سے مل کر مساجد اور مدارس کو رجسٹرڈ کریں۔
وزیر اوقاف عمر سومرو کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف، مذہبی امور، تمام اسٹیک ہولڈرز کےساتھ مشاورتی عمل شروع کرے، علمائے کرام سےمشاورت کرکےمدارس میں تکنیکی مہارت کے پروگرام اور آئی ٹی کورسز بھی متعارف کروائے جائیں. اجلاس میں سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں 8903 مدارس رجسٹرڈ کئے ہیں، مزید مساجد اور مدارس کو رجسٹرڈ کرنے پر کام ہورہا ہے۔