جامعہ کراچی؛ ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ میں 4سالہ ڈگری پروگرام متعارف کرا دیا گیا

صفدر رضوی  جمعـء 8 دسمبر 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

جامعہ کراچی میں ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کے نام سے نیا چار سالہ ڈگری پروگرام متعارف کرا دیا گیا ہے، یہ پروگرام شعبہ ابلاغ عامہ کے تحت شروع کیا جا رہا ہے جس میں فوری داخلوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں جامعہ کراچی کے پروفیسر سرور نسیم ہال میں منعقدہ تعارف پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کو متعارف کرانے کا سہرا شعبے کی فیکلٹی کے سر ہے ہم نے پولٹری سائنسز، ہیومن نیوٹریشن، اسپورٹس ڈگری منیجمنٹ کے بعد اب ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا تبدیل ہوگئی ہے اور global out reach کے لیے ٹیکنالوجی ضروری ہے، یہ پروگرام ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ یہ ’’ریئل ڈیٹا‘‘ کا زمانہ ہے اور اب کسی سے کچھ بھی پوشیدہ نہیں ہے، یہ ڈیجیٹلائزیشن کی ہی بدولت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ سمجھا جائے کہ روایتی میڈیا کی گنجائش کم یا ختم ہوگئی ہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کو بنیادیں روایتی میڈیا فراہم کر رہا ہے لیکن یہ سب کچھ اسکلز اور تخلیق پر انحصار کرتا ہے۔

شعبے کے چیئرپرسن عصمت آراء نے کہا کہ یہ وائس چانسلر کا ویژن ہے جنھوں نے کہا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر چار سالہ ڈگری پروگرام آنا چاہیے، ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ ہمارے طلبہ کو انٹرپینیوور شپ کی طرف لے جائے گا اور ہمارے طالب علم اس قابل ہوں گے کہ اپنا content خود تخلیق کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کی 7 نجی یونیورسٹیز میں یہ پروگرام چلایا جا رہا ہے لیکن پبلک سیکٹر جامعات میں کراچی یونیورسٹی پہلی یونیورسٹی ہے جس میں یہ پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے اس کے لیے 10 کمپیوٹر کی نئی لیب بنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے آصف اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ 22 برس سے اس شعبے میں کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے ڈیجیٹل میڈیا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب پروگرامز میں روایتی ذرائع ابلاغ سے زیادہ بلاگرز سمیت دیگر ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹیئرز کو بلایا جاتا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے طلبہ کا حوصلہ بڑھایا اور انھیں پروگرام کی افادیت بتاتے ہوئے اس کی جانب راغب کیا۔

اس موقع پر ٹی وی اداکارہ مصباح خالق کا کہنا تھا کہ طلبہ میں اگر سیکھنے کا جذبہ ہوگا تو انھیں کوئی رکاوٹ آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔