کراچی گھر میں آگ لگنے سے شیرخوارجڑواں بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

کھڈہ مارکیٹ کے قریب گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے جھلسنے والی 12 سالہ نفیسہ اسپتال میں دم توڑ گئی


Staff Reporter January 12, 2024
فوٹو: فائل

اتحاد ٹاؤن گلشن غازی میں گھر کے اندر آگ لگنے سے 2 کمسن جڑواں بھائیوں سمیت 3 افراد جھلس کر اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ لیاری میں جمعرات کو گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی نوعمر لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ گلشن غازی احسان محلہ گلی نمبر 10 میں قائم مکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گھر کو اپنی لپٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے دوران گھر میں موجود 2 کمسن بھائی اور ایک نوجوان پھنس گئے، واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں، اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن امتیاز احمد نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے کا بتایا گیا ہے اور جب آگ بھڑکی تو گھر میں موجود 2 کمسن جڑواں بھائی ڈیڑھ سالہ عباس اور جواد اور ان کے گھر آیا ہوا رشتے دار 23 سالہ علی نواز گھر کے اندر ہی پھنس گئے اور انھیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا جس کے نتیجے میں تینوں جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایچ او کے مطابق کمسن بھائیوں کی والدہ فہمیدہ جھلس کر معمولی زخمی ہوئی جس کی حالت خطرے سے باہر ہے ، جاں بحق ہونے والا علی نواز گھر کے مالک بالاج بلوچ کا رشتے دار ہے جو علاج کی غرض سے ان کے گھر آیا ہوا تھا جبکہ آتشزدگی کے باعث گھر اور اس میں موجود گھریلو سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا جمعرات کو بغدادی کے علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ اقصیٰ مسجد کے قریب گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہونے والی 12 سالہ نفیسہ سول اسپتال کے برنس وارڈ میں جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسی جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے غسل کفن کے لیے لیاری موسیٰ لین سینٹر منتقل کی جبکہ واقعہ میں متوفیہ لڑکی نفیسہ کی والدہ حمیدہ اور والد سلیم بھی جھلس کر زخمی ہوئے تھے جو ابھی زیر علاج ہیں۔

 

مقبول خبریں