ہیکنگ ایپ کے ذریعےاکاؤنٹ ہولڈر کے 22 لاکھ روپے ہتھیانے والا بینک مینیجر گرفتار
ملزم نے اکاؤنٹ ہولڈرکی سم حاصل کرکے اپنے موبائل فون میں ڈال کرہیکنگ ایپ کے ذریعے پیسے منتقل کیے، ایف آئی اے
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے دھوکہ دہی کے ذریعے بینک اکاؤنٹ سے 22لاکھ روپے ٹرانسفرکرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹرکمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیرنگرانی چھاپہ مارکارروائی کی گئی،جس کے دوران ملزم شاکرغزانی کو کراچی سے گرفتارکیا گیا۔
ملزم نجی بینک میں بطوربرانچ مینیجرکام کررہا تھا،ملزم نے دھوکہ دہی سے اکاؤنٹ ہولڈرکی سم حاصل کرکے اپنے موبائل فون میں ڈال کرہیکنگ ایپ انسٹال کی اور ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اکاؤنٹ ہولڈر کے بینک اکاؤنٹ سے 22 لاکھ 50 ہزار روپے ٹرانسفر کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق اس حوالے سے مزید تفتیش کا آغازکردیا گیا ہے اور دیگرملزمان کی گرفتاری کے لیےچھاپے مارے جارہے ہیں۔