عام انتخاب الیکشن کمیشن نے 27ستمبر کو سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلالیا

شفاف انتخابات کرائینگے،سیاسی جماعتیں اہم فریق ہیں،اجلاس میںدودونمائندے بھجوائیں


Numainda Express September 20, 2012
شفاف انتخابات کرائینگے،سیاسی جماعتیں اہم فریق ہیں،اجلاس میںدودونمائندے بھجوائیں،سیکریٹری الیکشن کمیشن کاسیاسی قائدین کوخط۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاری کے حوالے سے ملک کی 15 سیاسی جماعتوں کے رہنمائوںکو27ستمبر کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے دعوت نامے ارسال کردیے ہیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کولکھے گئے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ عام انتخابات کے انتظامات اور ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس میںسیاسی جماعتیں اپنے دو دو سینئررہنما بھیجیں، سیاسی جماعتوںسے مشاورت اس لیے اہم ہے کہ ملک میں انتخابات کے انعقادمیں سیاسی جماعتیں اہم فریق ہیں۔ اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کرینگے جس میں کمیشن کے چارممبران کے علاوہ سینئرحکام بھی شریک ہوںگے۔

خط کے متن میں واضح کیا گیا کہ آئین کے دیباچہ میں درج ہے کہ ریاست کا نظام عوام کے منتخب نمائندوںکے ذریعے چلایا جائیگا اورالیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ملک میں منصفانہ صاف وشفاف انتخابات کروائے۔ خط میں واضح کیا گیاہے کہ کچھ عناصر مسلسل یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظرعام انتخابات کاانعقادممکن نہیں ہے جس سے عوام کے ذہنوں میں شکوک وشبہات پیدا ہورہے ہیں یہ غیریقینی صورتحال ختم کرنے کیلیے الیکشن کمیشن وسیاسی جماعتوںنے مشترکہ طور پرعوام کو یقین دلانا ہوگاکہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہوںگے اورانتقال اقتدارکا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے پائے گا۔اجلاس میں لوکل گورنمنٹ انتخابات سے متعلق صوبائی اسمبلیوں میں قانون سازی کی روشنی میں مشاورت بھی کی جائیگی۔

اجلاس میں جن جماعتوں کومدعوکیا گیاہے ان میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز،مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ( ق)، مسلم لیگ (ایف) ، اے این پی ، بی این پی مینگل ، بی این پی عوامی ، جماعت اسلامی، جمہوری وطن پارٹی، جے یوآئی، ایم کیو ایم ، نیشنل پارٹی ، پیپلز پارٹی شیرپائو ،تحریک انصاف اورپختونخوا ملی عوامی پارٹی شامل ہے۔

مقبول خبریں