صحافی نصر اللہ گڈانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

ملزم کو میرپور ماتھیلو سے گرفتار کیا گیا، وزیر داخلہ کی ایس ایس پی گھوٹکی اور ٹیم کو شاباش


Staff Reporter June 08, 2024
فوٹو فائل

سندھ کے ضلع میر پور ماتھیلو کی پولیس نے کارروائی کر کے صحافی نصر اللہ گڈانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی سمیر نوز نے بتایا کہ نصر اللہ گڈانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو میرپور ماتھیلو سے حراست میں لیا گیا ہے جس کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا ساتھی برکت لونڈ مفرور ہے جس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اور عبداللہ لونڈ نامی ملزم نے واردات میں سہولت کاری کی جس کی تلاش بھی جاری ہے اور پولیس دونوں ملزمان کو جلد گرفتار کرلے گی۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گرفتاری ممکن ہوئی۔

اُدھر صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے مقتول صحافی کے کیس میں نامزد مرکزی ملزم کی گرفتاری پر ایس ایس پی گھوٹکی اور اُن کی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مزید ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس کو مزید سہولتیں فراہم کررہی ہے اور صوبے میں قیام امن کو اولین ترجیح کے طور پر دیکھتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں