فٹبال ورلڈکپ بوسنیا فتح کے باوجود ہاتھ ملتے رہ گیا

ریفریزکی غلطیاں کم ہونے پر اگلے راؤنڈ میں پہنچ سکتے تھے، بوسنین کوچ


Sports Desk June 27, 2014
یہ ہمارے لیے بہت اہم میچ تھا، ہم نے اچھا تاثر چھوڑا ، سافیٹ سوسک۔ فوٹو: فائل

فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کیخلاف3-1 کی فتح کے باوجود بوسنیا ہاتھ ملتے رہ گیا۔

اس کامیابی اور ریفری کی غلطی پر نائیجیریا سے0-1 کی ہار کے بعد پلیئرز سر اٹھا کر وطن واپس لوٹیں گے، کوچ سافیٹ سوسک نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت اہم میچ تھا، ہم نے اچھا تاثر چھوڑا اورباعزت انداز سے واپس جائیں گے، انھوں نے کہاکہ مجموعی طور پرہمارے ورلڈ کپ کا اختتام اطمینان بخش نہیں رہا، اگر قسمت ساتھ دیتی تو ہم زیادہ بہتر کھیل پیش کرتے، ریفریزکی غلطیاں کم ہونے پر ہم اگلے راؤنڈ میں پہنچ سکتے تھے۔ پانچ برس تک بوسنیا کے کوچ رہنے والے 39 سالہ سوسک اپنے مستقبل کے بارے میں محتاط ہیں ۔

میچ شروع ہونے سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ میں آئندہ 10 دنوں میں اپنے منصوبوں کا اعلان کروں گا، انھوں نے کہا کہ یہ میرا آخری ورلڈ کپ میچ تھا ، بعض مرتبہ وعدوں کی پابندی ضروری ہوتی ہے ، اب میں اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کروں گا،اس ٹیم کو چھوڑنے کا مجھے رنج ہوگا لیکن وہ وقت قریب ہے۔

دریں اثنا ایرانی کوچ کارلوس کیوروز بھی فتح کے بغیر ورلڈ کپ سے اخراج پر بہت مایوس ہیں، انھوں نے کہا کہ پلیئرز نے جیتنے کی بھرپور کوشش کی لیکن نتیجہ ہمارے اختیار میں نہیں تھا ، ہم نے بوسنیا کیخلاف 2ابتدائی مواقع ضائع کیے اور چند غلطیاں کیں کیونکہ پلیئرز تھک چکے تھے ، حریف پلیئرز نے بہتر کھیل پیش کیا اور ہم ان کی برابری کے قابل نہیں تھے۔

مقبول خبریں