حکمرانوں نے غدر مچا دیا’’ ضرب غضب‘‘ سے روکنا ہوگا چوہدری شجاعت

اس غدر کو نہ روکا گیا تو کوئی بھی حکمران اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو ہمیشہ کیلئے بند کر دے گا، چوہدری شجاعت


Numainda Express June 30, 2014
17 جون کو بیرئیرز ہٹانے کے نام پر جن بیگناہ لوگوں کو قتل کیا گیا ان کو واپس کون لائے گا، سربراہ ق لیگ۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ق) کے صدرچوہدریشجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ''ضرب عضب'' میں مصروف تھیں تو دوسری طرف حکمرانوں نے اسے ناکام بنانے کے لئے17 جون کو ماڈل ٹائون لاہور میں ''ضرب غضب'' شروع کر دیا۔

گزشتہ روز اے پی سی میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے غدر مچا رکھا ہے' جس انداز سے سیاست میں عدم برداشت کی انتہا کی گئی اور ریاستی اداروں کے ذریعہ سیاسی دہشتگردی کا ایک نیا کلچر متعارف کیا گیا وہ لمحہ فکریہ ہے، اس کو اسی جگہ نہ روکا گیا تو کوئی بھی حکمران اپنے خلاف اٹھنے والی آواز کو ہمیشہ کیلئے بند کر دے گا۔ پنجاب حکومت کی بدنیتی کا اندازہ لگائیں کہ جن بیرئیرز کو ہٹانے کیلئے قتل و غارت کا بازار گرم کیا گیا وہ چند دن بعد خود ہی واپس رکھ دئیے لیکن 17 جون کو بیرئیرز ہٹانے کے نام پر جن بیگناہ لوگوں کو قتل کیا گیا ان کو واپس کون لائے گا، شہیدوں کی یہ لاشیں ن لیگ کے سینے پر بوجھ بن کر اس وقت تک موجود رہیں گی جب تک اللہ کی بے آواز لاٹھی حرکت میں نہیں آتی۔

ایک رکنی کمیشن ہو یا 100 رکنی، شہباز شریف کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر تفتیش میں شامل ہونا چاہئے، مضبوط سٹینڈ نہ لیا اور ملزموں کیلئے یک زبان ہو کر کوئی فیصلہ نہ کیا تو آئندہ ریاستی دہشت گردی سے کوئی محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اے پی سی میں بلوچستان، کے پی کے اور سندھ کے رہنمائوں کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ ملک بھر کے طول و عرض میں سانحہ ماڈل ٹائون پر سخت تشویش ہے، اب تک منہاج القرآن کی جانب سے ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی، حکمرانوں نے ایف آئی آر ہی درج نہیں کی تو جوائنٹ انوسٹی گیشن کیسی، وزیراعلیٰ کیخلاف کون گواہی دے گا۔

مقبول خبریں