مالی سال 201314 مقامی طلب بڑھنے سے سیمنٹ کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم

مجموعی فروخت 2.52 فیصد کے اضافے سے 34.273 ملین ٹن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی


Khususi Reporter July 06, 2014
برآمدات 2.87 فیصد کم، جون میں ملکی طلب 14.32 فیصد بڑھ گئی، سیمنٹ مینوفیکچررز فوٹو: فائل

ملک میں گزشتہ مالی سال کے آخری ماہ (جون) کے دوران سیمنٹ کی فروخت 14.32 فیصد کے اضافے سے 25 لاکھ 32 ہزار ٹن رہی۔

گزشتہ روزآل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2013-14 کے آخری ماہ (جون) کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 3 فیصد کے اضافے سے 6 لاکھ 85 ہزار ٹن رہی جبکہ جون 2013 میں سیمنٹ کی برآمدات 6 لاکھ 65 ہزار ٹن تھیں۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال سیمنٹ کی مقامی فروخت 26.14 ملین ٹن تھی، اس طرح یہ مالی سال 2012-13 کے مقابلے میں 4.32 فیصدزائد رہی، مالی سال 2012-13 کے دوران مقامی فروخت 25.06 ملین ٹن رہی تھی۔

رواں مالی سال برآمدات 2.87 فیصد کی کمی کے ساتھ 8.133 ملین ٹن رہیں، مالی سال 2012-13 میں برآمدات 8.37 ملین ٹن تھیں، مجموعی طور پرفروخت میں مالی سال 2013-14 میں سال 2012-13 کے مقابلے میں 2.52 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال مجموعی فروخت 34.273 ملین ٹن رہی جبکہ جولائی 2012 سے جون 2013 تک یہ فروخت 33.432 ملین ٹن تھی، گزشتہ کئی برسوں کے تناظر میں پاکستان نے ریکارڈ 34.27 ملین سیمنٹ فروخت کی جو سابقہ زیادہ سے زیادہ فروخت 34.24 ملین ٹن سے قدرے زیادہ ہے جو مالی سال 2009-10 میں حاصل کی گئی تھی۔

اس سال فروخت میں اضافہ مقامی کھپت میں اضافے کے باعث ہواجو 26.14 ملین ٹن ہے۔ اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ حکومتی ناموافق ریگولیشنز اور برآمدات میں کمی کے باوجود سیمنٹ انڈسٹری نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2009-10 میں سیمنٹ کی فروخت 10.65 ملین ٹن تھی جبکہ سال 2013-14 میں برآمدات صرف 8.13 ملین ٹن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2008-09 سے سیمنٹ کی برآمدات مسلسل کمی کا شکار رہیں۔

مقبول خبریں