سوڈان فوج کی دارالحکومت میں مارکیٹ پر فضائی کارروائی 23 افراد ہلاک

فوج نے دارالحکومت خرطوم میں قائم مارکیٹ پر فضائی کارروائی کی۔


ویب ڈیسک October 14, 2024
عینی شاہدین کے مطابق فوج کی جانب سے خرطوم کی طرف پیش قدمی کی جارہی ہے—فوٹو: رائٹرز بشکریہ الجزیرہ

سوڈان کی فوج نے دارالحکومت خرطوم میں قائم مارکیٹ میں فضائی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقامی رضاکاروں کے نیٹ ورک سدرن بیلٹ نے بتایا کہ دارالحکومت خرطوم میں کی گئی کارروائی میں 23 افراد ہلاک اور 40 سے زائد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں مزید کہا گیا کہ خرطوم میں فوج کی جانب سے کی گئی بمباری میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملہ نشانہ بننے والی مارکیٹ سوڈان کے دارالحکومت میں پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے مرکزی کیمپ میں واقع مارکیٹوں میں سے ایک ہے جہاں فوج کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔

سوڈان میں جاری خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں اور دارالحکومت کے اکثر علاقے پر فوج کے بجائے پیراملٹری فورس آر ایس ایف کا کنٹرول ہے، اسی لیے فوج شہر کے مرکزی اور جنوبی علاقوں پر فضائی کارروائی کرتی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ فوج کی جانب سے خرطوم کی طرف پیش قدمی کی جارہی ہے اور اومدرمان کے قریب دونوں فورسز کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

خیال رہے کہ سوڈان کی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان لڑائی کا آغاز اپریل 2023 میں ہوا تھا اور اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق اب تک 20 ہزار افراد جاں بحق اور ایک کروڑ سے زائد بے گھر ہوگئے ہیں، جن میں سے 24 لاکھ افراد مختلف ممالک کی طرف ہجرت کرچکے ہیں۔

فوج کی حامی حکومت پورٹ سوڈان پر قائم ہے جہاں اطراف پر ان کا مکمل کنٹرول ہے جبکہ آر ایس ایف کو مغربی خطے کا تقریباً مکمل طور پر کنٹرول حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے