بھارت میں جنگلی ہاتھی نے جرمن سیاح کو مار ڈالا، ویڈیو وائرل

سیاح نے دیگر مسافروں کی وارننگز کو نظرانداز کیا، پولیس رپورٹ


ویب ڈیسک February 06, 2025

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے جنوبی علاقے میں 77 سالہ جرمن سیاح جنگلی ہاتھی کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔

واقعہ گزشتہ روز ٹائیگر ویلی کے جنگلی علاقے میں پیش آیا، جو اپنی قدرتی جنگلی حیات کے لیے مشہور ہے۔ جرمن سیاح ایک کرائے کی اسکوٹر پر پہاڑی جنگلی راستے پر سفر کر رہا تھا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق، سیاح نے دیگر مسافروں کی وارننگز کو نظرانداز کیا، جو پہلے ہی ہاتھی کو دیکھ کر محفوظ فاصلے پر رک چکے تھے، سیاح نے ہاتھی کی موجودگی کے باوجود اسکوٹر پر سفر جاری رکھا اور ہاتھی کو بھگانے کے لیے ہارن بجاتے ہوئے اس کی طرف بڑھا۔

جرمن سیاح کا یہ فیصلہ اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا، ہاتھی نے اس حرکت پر غصے میں آ کر حملہ کیا اور سیاح کو جنگل کی گہری کھائی میں پھینک دیا جس سے سیاح کو شدید چوٹیں آئیں، اسے فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ وہ سیاح کے خاندان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتے رہے، مگر ان کی کالز کا کوئی جواب نہیں آیا۔ جنگل کے افسر جی وینکٹیش نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاح کا دیگر مسافروں کی وارننگز کو نظرانداز کرنا اور ہاتھی کے قریب جانا اس افسوسناک حادثے کا باعث بنا۔

بھارت میں انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان تنازعات ایک عام مسئلہ بن چکا ہے، خاص طور پر جب انسانی آبادیاں جنگلی علاقوں میں دخل اندازی کرتی ہیں۔

بھارت میں تقریباً 30,000 جنگلی ایشیائی ہاتھی ہیں، اگرچہ ان جانوروں کو جنگلات میں محفوظ کیا گیا ہے لیکن ان کا انسانوں کے ساتھ رابطہ اکثر خطرناک تصادم کا سبب بنتا ہے، خاص طور پر جب لوگ انجانے میں ہاتھیوں کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔

مقبول خبریں