12 سالہ بچے کی خودکشی: 'ماں میں چور نہیں ہوں' — چپس چوری کے الزام نے زندگی چھین لی

دکاندار نے نہ صرف بچے کو سرِ عام بے عزت کیا بلکہ اس سے کان پکڑ کر معافی منگوائی اور 15 روپے ادا کرنے پر مجبور کیا


ویب ڈیسک May 26, 2025

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع پچھم میدنی پور میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں چپس چوری کے الزام پر ایک 12 سالہ بچے نے خودکشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق کرشندو داس نامی ساتویں جماعت کا طالب علم ایک دکان سے چپس لینے گیا، جہاں دکاندار نے اس پر چپس کے تین پیکٹ چوری کرنے کا الزام لگایا۔ دکاندار نے نہ صرف بچے کو سرِ عام بے عزت کیا بلکہ اس سے کان پکڑ کر معافی منگوائی اور 15 روپے ادا کرنے پر مجبور کیا۔

پولیس کے مطابق بچے نے اپنی ماں کو بھی واقعے کی تفصیل بتائی، تاہم ماں نے بھی اسے ڈانٹا اور تھپڑ مارا۔ بچے نے کہا تھا کہ وہ چپس خریدنے کو تیار ہے، لیکن دکاندار نے کوئی بات نہ سنی۔

شدید ذہنی دباؤ اور شرمندگی کے باعث کرشندو نے کیڑے مار دوا پی لی۔ اسے اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔

مرنے سے پہلے بچے نے ایک خط لکھا جس میں کہا: "ماں، میں چور نہیں ہوں، یہ میرے آخری الفاظ ہیں، مجھے معاف کر دینا"۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ دکاندار واقعے کے بعد سے فرار ہے۔ واقعے نے پورے علاقے میں افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔

 

مقبول خبریں