رحیم یار خان:
غربت سے تنگ باپ نے اپنے بچوں سمیت خودکشی کی کوشش کی، جس کے بعد بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ رکن پور کی حدود میں واقع علاقے سردار گڑھ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں غربت اور گھریلو حالات سے تنگ باپ نے اپنے تین کم سن بچوں سمیت خودکشی کی کوشش کی۔ متاثرہ خاندان کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 32 سالہ عبدالرحمن نے گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی اور یہی زہریلی گولیاں بچوں کو بھی دیں۔ بچوں میں 11 سالہ عمیر، 9 سالہ سفیان اور 4 سالہ بیٹی آصفہ شامل ہیں۔
خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کے دونوں بیٹے قوتِ گویائی سے محروم (گونگے) ہیں۔
زہرخورانی کے باعث بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جب کہ خود عبدالرحمن کی حالت بھی نازک ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر ہے