لاہور:
پنجاب حکومت نے حافظ آباد میں اجتماعی زیادتی کا شکار خاتون کی قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے حافظ آباد کا دورہ کرکے اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون سے ملاقات کی۔
حنا پرویز بٹ نے اغواء، اجتماعی زیادتی اور بلیک میلنگ کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ مقدمہ میں نامزد تین ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جاچکے ہیں جبکہ ایک مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے، انہوں نے پولیس کو مفرور ملزم کی فوری گرفتاری کی بھی ہدایت کردی۔
بعد ازاں حنا پرویز بٹ نے زیادتی کے بعد قتل ہونے والے دو بچوں کے گھر کا دورہ کرکے احمد علی اور ارشمان کے خاندان سے ملاقات کرکے مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
حنا پرویز بٹ نے ڈی پی او حافظ آباد کو مقدمہ کی شفاف تفتیش کے احکامات جاری کیے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ صرف ایک واقعہ نہیں قومی المیہ ہے، ظالم قانون کے شکنجے میں آئیں گے، خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ پنجاب حکومت پنجاب کا ویژن ہے۔