اسرائیلی فوج نے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر فضائی حملہ کیا تھا جس کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی تھی۔
عالمی سطح پر خفگی اور تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اسرائیل نے ایرانی سرکاری ٹی وی پر حملے کا غیرمنطقی جواز پیش کردیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا سرکاری نشریاتی ادارہ اپنے ملک کی مسلح افواج کی عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے ایک ایسے کمیونی کیشن سینٹر کو نشانہ بنایا جسے ایرانی مسلح افواج فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس حملے کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیتوں کو براہِ راست نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا تاکہ ایرانی افواج کی معلوماتی رابطے کی صلاحیت متاثر ہو۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرکاری نشریاتی ادارے کی یہ عمارت شہری سرگرمیوں کی آڑ میں استعمال ہو رہی تھی۔
اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو اس حملے سے پہلے ہی فونز کالز کے ذریعے خبردار کیا گیا تھا تاکہ وہ علاقے سے نکل سکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری علاقے میں ہونے کی وجہ سے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر حملے کو نہایت درستگی اور تیر بہ ہدف انداز میں مکمل کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس حملے کے بعد کچھ دیر کے لیے ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کی نشریات معطل ہو گئی تھیں تاہم بعد میں بحال کر دی گئیں۔