اسلام آباد:
پاکستان نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کا صدارت سنبھالنے کا بعد کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل تعاون، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل شمولیت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو فروغ دے گا۔
یہ موقع ڈی سی او کی پانچویں جنرل اسمبلی کے دوران کویت میں منعقدہ رسمی تقریب میں آیا جہاں 16 ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جمعرات کو یہاں سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی سی او کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ڈیٹا گورننس کے فروغ کے لیے ممبر ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔
پاکستان کی صدارت کے دوران یہ تنظیم ڈیجیٹل تعلیم، محفوظ آن لائن ماحول اور ٹیکنالوجی میں شمولیت پر خاص توجہ دے گی۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت میں ڈی سی او نوجوانوں، خواتین اور تمام ممبر ممالک کے لیے ڈیجیٹل انقلاب کے فوائد یقینی بنانے پر کام کرے گا، یہ قدم پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل مباحثوں میں ایک مضبوط نمائندہ کے طور پر اجاگر کرے گا اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سطح پر تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔