کراچی کے کس علاقے میں پولیو کے قطرے نہ پلوانے کی شرح سب سے زیادہ، رپورٹ

والدین کی جانب سے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے سے انکار کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے


ویب ڈیسک June 22, 2025

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے اطلاع دی ہے کہ کراچی میں پولیو ویکسینیشن نہ کروانے والوں کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ مئی میں کم از کم 37,711 والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا۔

والدین کی جانب سے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے سے انکار کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ شہر میں والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مسلسل کمی کر رہے ہیں۔

مئی میں کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کا جو خطہ سب سے زیادہ متاثر ہوا وہ ڈسٹرکٹ ایسٹ ہے جہاں 9,433 والدین نے انکار کیا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 7,141 انکاری تھے جبکہ کیماڑی میں 7,111 والدین نے ویکسین سے انکار کیا۔

کورنگی میں کم از کم 3,453 والدین اور ضلع ملیر میں 4,606 والدین نے ویکسینیشن سے انکار کیا۔ ای او سی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ مئی میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے 3,145 والدین اور ڈسٹرکٹ ویسٹ سے 2,922 والدین نے ویکسینیشن سے انکار کیا۔

ای او سی نے کہا کہ اپریل میں 37,360 والدین نے انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔

مرکز نے کہا، "انسداد پولیو مہم کے دوران انکار کی شرح ایک مستقل چیلنج بنی ہوئی ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے والدین کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے۔"

پولیو کے خطرے سے دوچار یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ غلط فہمیاں اور آگاہی کی کمی کو ویکسین سے انکار کی بنیادی وجوہات کے طور پر شناخت کیا جاتا ہے۔

مقبول خبریں