بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے طلبہ کو ایران میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا

ایران میں 1500 سے زائد طلبہ موجود ہیں، ہم ٹیلی فون کالز کر رہے ہیں مگر سفارت خانہ خاموش ہے، طلبہ


ویب ڈیسک June 18, 2025
فوٹو: اسکرین گریب

TEHRAN:

بھارت نے اسرائیل کی جارحیت کے دوران ایران میں مقبوضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کی رپورٹ کے مطابق تہران کی میزائلوں سے لرزتی فضاؤں میں بھارتی حکومت نے کشمیری طلبہ کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے، تہران اور اہواز کے ہاسٹلز میں سائرنوں کی گونج میں کشمیری طلبہ اپنی قسمت کے منتظر ہیں۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئی دہلی کی سردمہری ایران میں موت کی دہلیز پر کھڑے کشمیری طلبہ کے لیے تکلیف دہ ہے، جنگی آگ میں جھلستے ایرانی شہروں میں کشمیری والدین کی دعائیں اور ٹیلی فون کالزبے اثر نظر آرہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان اور عرب ممالک اپنے طلبہ کو بچا کر اپنے وطن لے گئے مگر بھارت نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑ دیا، اگر یہ مظلوم طلبہ کشمیری مسلمانوں کے بجائے ہندو ہوتے تو حکومتی رویہ شاید مختلف ہوتا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کشمیر کی مجبور ماؤں کی چیخیں دہلی کے ایوانِ اقتدار کے در و دیوار سے ٹکرا کر لوٹ آئیں۔

جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے مودی سرکار کو خط بھی لکھا مگر اس خط کا کوئی جواب نہیں آیا، ایسوسی ایشن کے مطابق ایران میں اس وقت 1500 طلبہ موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی سفارت خانہ خاموش تماشائی بن کر ایران میں کشمیری طلبہ کی بے بسی دیکھ رہا ہے، دنیا بھر کے میڈیا میں ایرانی جنگ کی خبریں گونج رہی ہیں اور کشمیری طلبہ کا ذکر کہیں سنائی نہیں دے رہا ہے۔

کشمیری طلبہ نے بتایا کہ ہم ٹیلی فون کالز کر رہے ہیں مگر سفارت خانہ خاموش ہے۔

ایک طالبہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمیں جلدی یہاں سے نکالا جائے اور تہران یونیورسٹی میں بوائز ہاسٹلز کے قریب حملہ بھی ہوا ہے، چند طلبہ زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس وقت ایران میں انٹرنیٹ کی سروس بہت کمزور ہے، دیگر سہولیات بھی ختم ہو رہے لہٰذا جلد از جلد انہیں وہاں سے منتقل کیا جائے۔

مقبول خبریں