خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کچھ اضلاع میں محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ دیر بالائی، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، خیبر اور اورکزئی میں بھی کہیں کہیں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔ جنوبی و شمالی وزیرستان اور چترال کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گرمی کی شدت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور اور بنوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔ تیمرگرہ اور دروش میں 39، چترال اور تخت بھائی میں 41، دیر بالا میں 38، کالم میں 30 اور مالم جبہ میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری دھوپ سے بچنے اور بارش کے دوران نچلے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
لوئر دیر میں شدید بارش سے نالوں میں طغیانی
دوسری جانب دیرلویر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس سے فضا سہانی ہو گئی، جبکہ بارش کے باعث گرمی سے پریشان شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارش سے ندی نالوں میں طغیانی دیکھنے میں آئی ہے اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔